سنگاپور سے کاروبار کے لیے آنے والی خاتون اسلام آباد میں قتل

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد پولیس نے ایک خاتون کے قتل کا سراغ لگا لیا ہے جو سنگاپور سے کاروبار کے لیے پاکستان آئی تھی۔ کراچی سے تعلق رکھنے والی اس خاتون کو مبینہ قاتل سنگاپور سے اپنے ساتھ پاکستان لایا تھا، پولیس کے مطابق ملزم معاذ وقار اور فہمینہ عمیر کی سنگاپور میں دوستی ہوئی تھی، ملزم نے اسے پاکستان میں کاروبار کی پیش کش کی۔ فہمینہ عمیر سنگاپور سے 50 لاکھ روپے کا سونا لے کر پاکستان آئی تو معاذ وقار نے اسے اغوا کرکے اس کے اہل خانہ سے دو کروڑ روپے تاوان طلب کیا لیکن رقم ملنے سے قبل ہی اسے اپنے ساتھی کی مدد سے قتل کر دیا۔

یاسر آفریدی اے ایس پی سٹی اسلام آباد کے مطابق، فہمینہ عمیر نے جب ملزم معاذ وقار سے اپنے سونے کی واپسی کا مطالبہ کیا تو وہ اسے زمین دکھانے کے بہانے بنی گالہ لے آیا اور اپنے ایک ساتھی کی مدد سے گلے میں رسی ڈال کر قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر خاتون کی لاش اسلام آبادکے علاقے بنی گالہ کے ایک نالے سے برآمد کر لی۔

والدہ فہمینہ عمیر نے اس موقع پر ملزم کو چالیس مرتبہ پھانسی دو ۔پھر دو۔ اسے بالکل نہ چھوڑو کی دہائی دیتی رہیں۔ پولیس کے مطابق فہمینہ عمیر کے سنگا پور میں دو بچے ہیں اور اس کا شوہر کے ساتھ خلع کا مقدمہ چل رہا تھا۔ پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والی کار بھی برآمد کر لی ہے۔