نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی فلموں میں اپنی اداکاری اور آواز کا جادو جگانے والی گلوکارہ سلمیٰ آغا کو بھارت کا لائف ٹائم ویزا دیا جا رہا ہے۔
سلمیٰ آغا کو اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (او سی آئی) کا بھی کارڈ جاری کی جائے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سلمیٰ آغا نے بھارتی ویزا اور او سی آئی کارڈ کیلئے بھارتی حکومت کو درخواست دی تھی۔ لائف ٹائم ویزا کے حصول کے بعد سلمیٰ آغا جب چاہیں بغیر کسی رکاوٹ کے بھارت کا سفر کر سکیں گی۔ بھارت کی وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ سلمیٰ آغا کی درخواست کے بعد انھیں لائف ٹائم ویزا اور او سی آئی کارڈ جاری کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سلمیٰ آغا کی پیدائش پاکستان میں ہوئی تھی۔ انہوں نے بھارتی فلموں میں اپنی اداکاری اور آواز کا جادو بھی جگایا تھا۔ 1982ء میں ریلیز فلم نکاح میں گانے پر انھیں فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا تھا۔