فیصل آباد (جیوڈیسک) سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے زیر اہتمام سرسید ٹاؤن کاٹن ملز روڈ پر پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے سہولت بازار کی تعمیر کا سنگ بنیاد گزشتہ روز سابق صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے رکھا۔
اس موقع پر ڈی سی او نور الامین مینگل ، ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے اقبال ٹاؤن، اے سی ملک مشتاق ٹوانہ ، ٹی ایم او میاں ندیم ، سابق ناظمین شرافت خٹک ، اعظم یاسین اور اہل علاقہ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ثناء اللہ نے کہا کہ کروڑوں روپے کی چار کنال اراضی پر سہولت بازار کے قیام سے علاقہ کے عوام اپنے گھروں کے قریب اشیائے ضروریہ کنٹرول قیمتوں پر خرید سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے اس سہولت بازار میں سبزی و پھل فروشوں ، قصابوں ، کریانہ فروشوں و دیگر کاروباری حضرات کو میرٹ پر شفاف انداز میں سٹالز آلاٹ کئے جائیں گے۔
اس موقع پر ڈی سی او نے بتایا کہ یہ منصوبہ ایک ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا جس میں آہنی شیڈز ، پختہ سٹالز کے علاوہ بزرگ صارفین کے لئے آرام گاہ ، ٹائلٹس بلاک ، سکیورٹی روم اور انتظامیہ کے دفاتر تعمیر ہوں گے۔