لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ‘آزادی مارچ’ کو روکنے میں ناکام ہوگئے۔
لاہور میں تحریک انصاف کے چیئرمین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کے بعد امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت اب تک عمران خان کے تحفظات دور نہیں کرسکی۔
سراج الحق نے کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے پیغام دینے والے نہیں، انہوں نے خان صاحب کا موقف تفصیل سے سنا ہے اور ان کے پاس دھاندلی کے ثبوت موجود ہیں جن کے مطابق الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم اپنے فرائض انجام دینے میں ناکام رہے ہیں۔
تمام جماعتوں کو مل کر مسئلہ حل کرنے کی دعوت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مشکلات کا شکار ہے جس کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جلسہ، جلوس اور دھرنا کس آئین کی خلاف ورزی ہے، سب کو پُرامن انداز میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہونی چاہئے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ اور شارٹ مارچ ہر جماعت کا حق ہے، حکومت اس سلسلے میں رکاوٹیں پیدا نہ کریں۔