کراچی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے نو منتخب امیر اور خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر سراج الحق کی کراچی آمد پر ائر پورٹ پر ان کے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔ سراج الحق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر منتخب ہونے کے بعد ہفتہ 24 مئی کو پہلی مرتبہ کراچی پہنچیں گے۔ استقبال کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلے میں ادارہ نورحق میں میڈیا کمیٹی کا اجلاس نائب امیر نصراﷲ خان شجیع کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں استقبا ل کی میڈیا کوریج، پبلسٹی، میڈیا ہاؤسز اوراخبارت میں متعلقہ ذمہ داران سے رابطوں کے حوالے سے انتظامات کا جائز ہ لیتے ہوئے مختلف اقدامات طے کیے گئے اور فیصلہ کیا گیا۔
جمعہ 23 مئی کو پانچوں اضلاع کے اہم مقامات پر استقبالیہ اورعوامی رابطہ کیمپ لگا ئے جائیں گے، دریں اثنا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سراج الحق کے استقبال کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلے میں ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کی تمام برادر تنظیموں کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔