لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کا مینار پاکستان میں پاور شو، سراج الحق کہتے ہیں کہ حکومت میں آئے تو لٹیروں کی گردنوں پر پاؤں رکھ کر پیسہ واپس لائیں گے۔ میں اللہ سے ڈرتا ہوں اور دوسرے سیاستدان نیب سے ڈرتے ہیں۔
جماعت اسلامی کا لاہور میں پاور شو، مینار پاکستان پر یوتھ کنونشن سے انتخابی مہم کا آغاز، ملک بھر سے کارکنوں کی شرکت، نعرے بازی اور پارٹی ترانوں نے ماحول کو گرما دیا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ کرپٹ نظام سے بغاوت کا اعلان کرتا ہوں۔ میں اللہ سے ڈرتا ہوں اور دوسرے سیاستدان نیب سے ڈرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکمران اقتدار میں آ کر کشکول بڑھاتے ہیں، ان کی گردن پر پاؤں رکھ کر بیرون ملک سے پیسے واپس لائیں گے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کشمیر کا مسئلہ حل کرنے میں سنجیدہ نہیں، تحفظ ناموس رسالت پر سمجھوتہ کسی صورت نہیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن ایٹم بم نہیں ہمارے نوجوان سے خوفزدہ ہے، پاکستانی نوجوان کو ابدالی اور غزنوی بنانا چاہتے ہیں۔
پاکستان معدنیات کے ذخائر سے مالامال ہے لیکن یہاں کسان اور مزدور محنت کرنے کے بعد بھی بھوکا سوتا ہے اور نوجوان ڈگریاں جلانے پر مجبور ہیں، میں ایسے نظام کا باغی ہوں۔