شیخوپورہ (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے عالمی یومِ مزدورکے موقع پر بھٹہ مزدوروں کے ساتھ دن گزارا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سراج الحق نے اپنی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جماعت اسلامی کے امیر کس طرح بھٹے پرمزدوروں کے ساتھ گھل مل گئے ہیں۔
ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سراج الحق نے کہا ہے کہ ’’مزدوروں کے مسائل سمجھنے کے لیے یوم مزدور شیخو پورہ کے بھٹہ مزدوروں کے ہمراہ گزارا‘‘۔ جماعت اسلامی کے سربراہ نے مزید کہا کہ ’’ بھٹہ مزدور آج بھی ہرقسم کے حقوق سے محروم ہیں‘‘۔ یوم مئی کا آغاز 1886ء میں محنت کشوں کی طرف سے آٹھ گھنٹے کے اوقات کار کے مطالبے سے ہوا جس میں ٹریڈ یونینز اور مزدور تنظیمیں، اور دیگر سوشلسٹک اداروں نے کارخانوں میں ہر دن آٹھ گھنٹے کام کا مطالبہ کیا۔
اس مطالبہ کو تمام قانونی راستوں سے منوانے کی کوشش ناکام ہونے کی صورت میں یکم مئی کو ہی ہڑتال کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ جب تک مطالبات نا مانے جائیں یہ تحریک جاری رہے گی۔ 16-16 گھنٹے کام کرنے والے مزدوروں میں 8 گھنٹے کام کا نعرہ بہت مقبول ہوا۔