ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ سلطان سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے بہنوئی ایوش شرما کو انڈسٹری میں متعارف کرانے سے بچنے کی کئی بار کوشش کی تاہم بہن کی خوشی کی خاطر انہیں انڈسٹری میں لانا پڑا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں سلمان خان سے جب اقربا پروری کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں اسی وجہ سے اپنے بہنوئی ایوش شرما کو متعارف کرانے سے ہچکچارہا تھا لیکن میرے ذہن میں یہ سوال بھی تھا کہ اگر میں ایوش کو نہیں متعارف کراؤں گا تو میری بہن سوچے گی کہ شاید مجھے اس کے شوہر کے ساتھ کوئی مسئلہ ہے۔
سلومیاں کا یہ بھی کہنا تھا کہ آپ خاندان کے کسی فرد کو فلم انڈسٹری میں متعارف تو کراسکتے ہیں لیکن اُس کی اداکاری اور کامیابی میں آپ کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا، اداکار کتنا ہی خوش شکل اور ذہین کیوں نہ ہو اُس کی قسمت کا فیصلہ خود شائقین کرتے ہیں۔
سلمان خان نے مزید کہا کہ اگر میں ایوش کو متعارف نہیں کرتا تو کوئی اور انہیں متعارف کرا دیتا جب کہ ایوش نے اپنے اس کردار کے لیے سخت محنت اور تربیت حاصل کی ہے۔
یاد رہے کہ سلمان خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’لویاتری‘ میں اُن کے بہنوئی ایوش شرما اور ورینہ حسین ڈیبیو کر رہے ہیں یہ فلم 5 اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔