کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لانڈھی مجید کالونی میں گزشتہ روز دو بہنوں کے بہیمانہ قتل میں ملوث شقی القلب ملزم زاہد اقبال کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ گزشتہ روز لاندھی مجید کالونی کی رہائشی 15 سالہ نوشاد اور 9 سالہ افشین کو بیدردی سے قتل کرنے والے ملزم 26 سالہ زاہد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم جاں بحق ہونے والی بچیوں کے والد کے ساتھ فیکٹری میں کام کرتا تھا ، ملزم نے 3 جون کو بچیوں کے والد کی غیرموجودگی میں بچیوں سے نا زیبا حرکت کرنے کی کوشش کی تھی۔ بچیوں نے شور مچایا اور اپنے والد کو شکایت بھی کی۔
تین روز بعد بچیوں کے والد آزاد کا ملزم زاہد اقبال کے ساتھ جھگڑا بھی ہواجس کے بعد ملزم نے بدلے کی غرض سے آزاد کے گھر جا کر اُسکی دونوں بیٹیوں کو پتھرمارنے کے بعد ڈنڈوں کے وار کرکے بیدردی سے قتل کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے کی نیت سے لانڈھی ریلوے اسٹیشن پہنچا جہاں پولیس نے اُسے گرفتار کر لیا۔