اسلام آباد (جیوڈیسک) نواز شریف نے تحریک انصاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی پگڑیاں اچھالنے اور ایمپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے والی جماعت ہے، اس نے دھرنوں کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ انہون نے کہا عمران خان، طاہر القادری کے ساتھ دھرنے کے دیگر کئی کرداروں کا وقت آنے پر بتاؤں گا۔
احتساب عدالت میں پیشی سے قبل سابق وزیراعظم سے غیر رسمی گفتگو میں صحافی نے سوال کیا کہ تحریک انصاف نے آپ کی قومی کمیشن بنانے کی تجویز مسترد کردی ہے، جس پر نوازشریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا نہ کوئی کردار ہے، نہ نظریہ، کیونکہ پی ٹی آئی پگڑی اچھال اور گندی زبان استعمال کرنے والی پارٹی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں ووٹ کو عزت دینے کی کوئی بات نہیں، اچھا ہوا جو خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت تھی، وہاں کی عوام نے تبدیلی دیکھ لی،سب سامنے آ گیا ہے۔
سابق وزیراعظم نے تحریک انصاف کو ‘دھرنے دو’جماعت کا نام دیا اور کہا کہ دھرنے میں صرف عمران خان نہیں، طاہرالقادری اور بڑے بڑے کردار ہیں۔ صحافی نے کہا کہ کھل کربتائیں کرداروں میں کون کون ہے جس پر نوازشریف نے کہا کہ وہ یہ چیزیں وقت آنے پر بتائیں گے۔