فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کارپوریشن کے جنرل سیکرٹری شاہد محمود بیگ اور جوائنٹ سیکرٹری محمد علی بخاری نے عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کو لاک ڈائون کرنے اور دھرنا دینے کا پروگرام کینسل کرنے کو جمہوریت کی بہت بڑی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب یہ معاملہ اعلیٰ عدلیہ میں چلا گیا تھا تو اس وقت ہی عمران خان کو اس قسم کا اعلان کر دینا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف توعمران خان عدلیہ کے احترام کا گن گاتے ہیں تودوسری جانب وہ عدلیہ کا احترام بھی نہیں کرتے’ جب اسلام آباد ہائی کورٹ نے انہیں لاک ڈائون سے روکا تو وہ اور ان کے وکلاء عدلیہ پر برس پڑے اب سپریم کورٹ نے بھی تو ویسا ہی فیصلہ دیا ہے اب شادیانے بجانے والی کونسی بات ہے’ ٹی او آرز ہی بنانے تھے تو پہلے بنا لیے جاتے تاکہ کنفیوژن ختم ہو جاتا ‘ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی صوبے کا وزیراعلیٰ اپنے ہی ملک کے دارالحکومت کو سر کرنے چلے تھے تاہم قانون نے انہیں بہت اچھا سبق سکھایا ہے وہ کسی صورت بھی بھلا نہیں سکیں گے۔
لیگی عہدیداران نے مزید کہا کہ میاں شہباز شریف نے پرویز خٹک کو فون کرکے ایک اچھی اور اعلیٰ روایت قائم کی مگر آگے سے پرویز خٹک کا روکھا رویہ باعث شرمندگی ہے’ پرویز خٹک بطور وزیراعلیٰ آئیں ہم خود ان کا استقبال کریں گے۔ مگر بطور بلوائی آئیں گے تو اس طرح کا استقبال ہوگا جیسا صوابی اور برہان انٹرچینج پر ہواہے۔