پیرس (زاہد مصطفی اعوان) سے موجودہ صورتحال میں یورپ کا تشخص خطرے میں نظر آ رہا ہے اور اس کی بنیادی وجہ یہاں کے ممالک کی امریکہ واسرائیل نواز پالیسیاں ہیں،اگر یہی پالیسیاں جاری رہیں تو پھر یورپ کی صورتحال بھی مشرقی وسطی سے کچھ مختلف نہیں ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار’’جنگ ‘‘ کے معروف کالم نگار اور’’جیو نیوز‘‘سے وابستہ صحافی حذیفہ رحمان نے بارسلونا میں ’’فرانس پر دہشت گردانہ حملوں کے بعد مسلم کمیونٹی کا مستقبل‘‘ کے عنوان سےہونیوالی نشست میں کیا۔جس کا اہتمام ’’اردو دوست ایسوسی ایشن ‘‘نے کیا تھا۔جس کی صدارت سینئر صحافی اور ہم وطن کے چیف ایڈیٹر جاوید مغل نے کی جبکہ مہمان خصوصی چوہدری امانت حسین مہر اور سوشلسٹ پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی کے امیدوار محمد اقبال چوہدری تھے۔ سٹیج سیکرٹری ’’بی بی سی اپ ڈیٹ‘‘کے چیف ایڈیٹر مرزا ندیم بیگ تھے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی حالیہ لہر یورپ کے آقاؤں سے بھی تقاضا کرتی ہے کہ بلاوجہ دیگر ممالک کے معاملات میں دخل اندازی نہ کریں اوریورپ کے حالیہ حالات و واقعات بتارہے ہیں کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات دنیا کا سیاسی منظر نامہ بدلنے میں اہم ثابت ہونگے۔
انہوں نے یورپ میں مقیم مسلمانوں کو مشورہ دیتے ہو ئے کہا کہ فرانسیسی عوام انسان ہیں اورجب کبھی انسانیت پر ظلم ہو تو بطور امتی ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوں۔محبوب ربانی نے تو مسجد نبوی میں عیسائی وفد کو قیام پذیر ہونے کا شرف بخشا اور حضرت عمر ؓ کے دور میں عیسائی اکابرین اور دیگر غیر مسلموں کو اطمینان دلایا گیاتھا کہ سب غیر مسلموں کی حفاظت اہل اسلام کے ذمہ ہے اوراسلام کے ماننے والے کیسے انسان سے نفرت کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام مظلوموں کی آہ و پکار پر لبیک کہنے کا درس دیتا ہے اور اسلام بے گناہ کے قتل کو انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے وہ کیسے ابن آدم سے زیادتی کی اجازت دے سکتا ہے؟اس لئے بطور مسلمان ہمیں کسی بھی انسان کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر آواز بلند کرنی چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس موقع پر یہ جواز نہیں پیش کرنا چاہیے کہ مغرب نے مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت نہیں کی تو ہم بھی نہیں کریں گے یہ وہی مغرب ہے جس نے فلسطینیوں کے قتل عام پر ریلیاں نکالیں اور آزاد فلسطین کیلئے قراردادیں منظور کیں۔ تقریب سے صدر مجلس جاوید مغل ،چوہدری امانت حسین مہر اور چوہدری محمد اقبال نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما مخدوم امین فہیم کے انتقال پر انکی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی۔