سکردو: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کے کیپٹن سرفراز شہید

Skardu

Skardu

سکردو (جیوڈیسک) سکردو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فوج کی سکردو کے قریب شکمہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے کیپٹن شہید اور سپاہی شدید زخمی ہو گئے۔ عسکری ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے سکردو کے قریب شکمہ سیکٹر میں گزشتہ رات 11 بج کر 15 منٹ پر بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن سرفراز شہید جبکہ سپاہی یاسین شدید زخمی ہو گیا۔

عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھی بھارتی فوج کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا۔ فائرنگ کا سلسلہ 2 بج کر 15 منٹ تک جاری رہا۔ واضع رہے کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری معمول بنتی جا رہی ہے۔ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کے بڑھتے واقعات پر پاکستان نے اقوام متحدہ سے تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا تھا۔