جلد کو عمر رسیدگی کے اثرات سے بچانے والی 6 عام غذائیں

Age

Age

عمر رسیدہ ہونا اور بوڑھا نظر آنا دو الگ الگ باتیں ہیں کیونکہ بعض لوگ وقت سے پہلے ہی بوڑھے دکھائی دینے لگتے ہیں اور ان کی شخصیت کا تاثر بھی کچھ اچھا نہیں پڑتا جب کہ یہ مسئلہ خاص طور پر خواتین کے ساتھ بہت زیادہ ہوتا ہے لیکن چند پھل اور سبزیوں کے استعمال سے اس مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

لیموں: اس میں وٹامن سی وافر مقدار میں ہوتا ہے جو جلد پر جھریاں پڑنے سے بچانے والے کولاجن نامی مرکبات بناتا ہے۔ روزانہ صرف ایک لیموں کا استعمال (ایک گلاس پانی میں حل کرکے) آپ کی جلد کو جھریوں سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔

شکر قندی: اس میں بی ٹا کیروٹین کہلانے والا مادہ ہوتا ہے جو ہمارے جسم کے اندر وٹامن اے میں تبدیل ہوکر جلد کو ہموار اور جاذبِ نظر بناتا ہے۔ دن بھر میں صرف 100 گرام شکر قندی کافی ہے لیکن ذیابیطس کے مریض اسے اپنے معالج سے مشورہ کیے بغیر ہر گز استعمال نہ کریں۔

ٹماٹر: سرخ ٹماٹر ’’لائیکوپین‘‘ نامی مادّے سے بھرپور ہوتا ہے جو جلد کو دھوپ کی تمازت سے پہنچنے والے نقصان سے بچاتا ہے۔ دن بھر میں درمیانی جسامت والا ایک سرخ ٹماٹر اس مقصد کے لیے کافی ہے۔

شلجم اور چقندر: یہ سردیوں کی خاص سبزیاں ہیں اور بہتر ہے کہ انہیں سردیوں ہی میں استعمال کیا جائے۔ ان میں جسم سے زہر ختم کرنے کی قدرتی صلاحیت ہوتی ہے اور روزانہ ایک شلجم یا چقندر (سلاد کے طور پر) کھانے سے چہرے کی رنگت بھی لال سرخ رہتی ہے۔ البتہ وہ لوگ جنہیں غذا میں فولاد (آئرن) سے الرجی ہوتی ہے انہیں شلجم اور چقندر کے علاوہ پالک کھانے میں بھی احتیاط برتنی چاہیے۔

ایواکاڈو: یہ پھل ہمارے یہاں صرف بڑے سپر اسٹورز پر دستیاب ہوتا ہے کیونکہ یہ عموماّ مقامی طور پر کاشت نہیں ہوتا۔ تاہم ایوا کاڈو میں قدرتی طور پر موجود روغن (آئل) جلد کی نمی برقرار رکھتے ہوئے اسے ہموار اور مضبوط بھی رکھتا ہے۔

بلیو بیریز: یہ بھی ہمارے یہاں مقامی طور پر بہت کم کاشت ہوتی ہے لیکن قدرتی اینٹی آکسیڈینٹس سے لبریز ہوتی ہے جن کی بدولت یہ جلد کو نقصان پہنچانے والے فری ریڈیکلز کو ختم کرتی ہے۔