نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے داعش کے خلاف حملے تیز کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فرانس کی جانب سے داعش کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ قرارداد میں داعش کے خلاف کارروائیوں کو دو گنا کرنے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے تمام ممبر ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ داعش کے خلاف جنگ میں ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
داعش کے خلاف قرارداد منظور ہونے کے بعد فرانس کے صدر نکولس ہولاندے کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے اقدام کے داعش کے خاتمے کے لئے اقوام متحدہ کے ممبر ممالک کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل فرانس کے شہر پیرس میں دہشت گردوں نے متعدد مقامات پر فائرنگ اور بم دھماکے کرکے 130 افراد کو ہلاک اور درجنوں کو زخمی کر دیا تھا جب کہ 3 روز قبل پیرس کی سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی موجودگی پر سرچ آپریشن کیا جس میں پیرس حملے کے مبینہ ماسٹر مائند عبدالحمید اباعود سمیت 3 حملہ آور ہلاک ہوئے تھے۔