اسوئہ حسنہ پر عمل کامیابیوں کی ضمانت ہے : محمد زبیر حفیظ

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ اسوئہ حسنہ پر عمل کامیابیوں کی جانب ایک قدم ہے، اسوئہ حسنہ ہی کامیابیوں کی ضمانت ہے۔

دنیا بھر کی تہذیبیں ناکامی کا شکا ر ہو چکی ہیں نبی مہربان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت ہی در حقیقت کامل رہبر ہے ، اسلام نے انسان کو پہلا سبق ہی علم کا دیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور یونیورسٹی میںمنعقدہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لئے حیات طیبہ سے رہنمائی لینی چاہئے۔

پاکستان کے لوگ اسلام پسند اور محب وطن ہیں اسلام کی خاطر اپنا سب کچھ لٹا دینے کے جذبے سے سرشار ہیں ، لیکن یہاں کا نوجوان مغرب کی اندھی تقلید میں مگن ہے جس کے باعث اس کا کردار گر رہا ہے، نوجوانوں کی اخلاقیات کی بہتری کے لئے سیرت کا پیغام معاشرے میں عام کرنا وقت کی اہم ضروت ہے۔ پر امن ، مضبوط اور خوشحال پاکستان سیرت کے قوانین ہی کی بدولت بن سکتا ہے۔طلبہ کو معاشرے کو پرامن بنانے کے لئے سیرت طیبہ کو اپنانا ہو گا۔