کراچی (جیوڈیسک) ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے سونے کی درآمد پر پابندی کا معاملہ وفاقی وزارت خزانہ کے سامنے اٹھانے اور سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے ہرممکن سپورٹ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ آل پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے چیئرمین حبیب الرحمٰن کی قیادت میں گزشتہ روز ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی سربراہی میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا ادارہ زیادہ فعال ہوگا۔
گولڈ جیولری کی برآمدات میں اضافے کے سلسلے میں بروقت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ایس ایم منیر نے وفد کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ جائز مسائل کے حل اور برآمدات کے مواقع کے درمیان کسی بھی رکاوٹ کو دور کرنے کے سلسلے میں ہر برآمد کنندہ کیلیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، ایسوی ایشن کے عہدے داران نے ان سے درخواست کی کہ وہ سونے کی درآمد پر پابندی کے معاملے کو وزیر خزانہ کی سامنے پیش کریں جس کی وجہ سے زیورات کی برآمد بری طرح متاثر ہورہی ہے اور اب تک 70 فیصد تک کمی آچکی ہے۔