لاس ویگس (جیوڈیسک) اسمارٹ گیجٹ اب صرف گھڑیوں اور ہاتھوں کےکڑوں کی صورت میں ہی دستیاب نہیں بلکہ اب پیشِ خدمت ہیں، ٹیکنولوجی کے کئی شاہکار وئیرایبل گیجٹس۔ اسمارٹ وئیرایبل گیجٹ یعنی اسمارٹ فون جیسے آلات جنھیں باآسانی پہنا جا سکتا ہے۔
امریکا کے شہر لاس ویگس میں سالانہ انٹرنیشنل کنزیومر الیکٹرانکس شو منعقد کیا گیا ہے، جس میں وئیرایبل گیجٹس خصوصی توجہ کا مرکز ہیں۔ اس سال شو میں اسمارٹ گھڑیاں اور کڑے ہی نہیں بلکہ دنیا کی پہلی انگوٹھی بھی پیش کی گئی ہے۔
اس اسمارٹ انگوٹھی کو انگلی میں پہن کر میسج وصول کئے جاسکتے ہیں اور انگلی کے ٹچ سے انھیں پڑھا جاسکتا ہے۔ کمپنی کی جانب سے ایک اسمارٹ نیکلیس بھی متعارف کرایا گیا ہے جو دلکش بھی ہے اور آپ اسے اپنی فون کال اور موسیقی باآسانی سن سکیں گے۔
یہی نہیں اب صرف اسمارٹ کڑوں سے صحت سے متعلق معلومات حاصل کرنے کا زمانہ نہیں بلکہ اب پیش ہے اسمارٹ بینڈ جسے آپ اپنے جسم میں کسی بھی دردد کی جگہ پر باندھ کر راحت پا سکتے ہیں۔ یہ سب وئیرایبل گیجٹس اور دیگر ٹیکنولوجی کے آلات اب آپ خرید سکتے ہیں۔