اسلام آباد (جیوڈیسک) ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر فریدہ راشد نے کہا ہے کہ سمارٹ میٹرز کی مدد سے لوڈشیڈنگ کے مسئلہ پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے بجلی اور گیس کمپنیاں چوری اور ضائع کی حوصلہ شکنی ، آپریشنل اخراجات میں کمی اور منافع کو یقینی بنا سکتی ہیں جبکہ گھریلو اور صنعتی صارفین کو سستی اور مستقل توانائی میسر آئے گی۔
کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمارٹ میٹرز میں موبائل فون کی طرح کا ایک سم کارڈ ہے۔ جس سے بجلی اور گیس کی کمپنیوں کو خودکار طریقہ سے میٹر ریڈنگ کی سہولت مل جاتی ہے۔
اور میٹر ریڈر کی ضرورت نہ رہنے کے سبب کرپشن کا سب سے بڑا باب از خود بند ہو جاتا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی اندازوں پر مبنی بلوں اور اضافی بلوں کا مسئلہ بھی حل کر دیتی ہے جبکہ توانائی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کی کار کردگی اور استعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔