باکمال لوگوں کی لاجواب سروس، بیٹے کے پاسپورٹ پر خاتون دبئی پہنچ گئیں

PIA

PIA

لاہور (جیوڈیسک) قومی ایئر لائن اپنے مسافروں کی روز ہی کوئی نا کوئی لاجواب خدمت کرتی ہے اور اب تو اس نے مرد کے پاسپورٹ پر خاتون کو بیرون ملک لے جانا شروع کردیا ہے۔

16 دسمبر کو لاہور ایئرپورٹ سے افشاں صدیق نامی خاتون مسافر اپنے شوہر کے ہمراہ برطانوی پاسپورٹ پرقومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 203 سے دبئی پہنچیں، دبئی ایئرپورٹ پر موجود امیگریشن حکام نے دیکھا کہ خاتون کے پاس اپنا نہیں بلکہ کسی مرد کا پوسپورٹ ہے۔ جس پرافشاں صدیق کو ناصرف اگلی ہی فلائٹ سے دوبارہ لاہوربھجوا دیا گیا بلکہ پی آئی اے پر 5 ہزاردرہم جرمانہ بھی کردیا۔

لاہور میں امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ افشاں صدیق کے پاس ان کے بیٹے کا پاسپورٹ تھا۔ ابتدا میں امیگریشن حکام نے مجرمانہ غفلت برتی اورپھر پی آئی اے حکام نے بھی انہیں بورڈنگ کارڈ جاری کردیا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔