اپنا سمارٹ فون خود ڈیزائن کریں

Smartphone

Smartphone

الیکٹرانک مصنوعات تیار کرنے والی چین کی بڑی کمپنی ’زیڈ ٹی ای‘ چاہتی ہے کہ وہ اپنا اگلا سمارٹ فون عوام کی رائے کو مدنظر رکھ کر بنائے۔

کمپنی نے اس کے لیے ایک ویب سائٹ بھی لانچ کی ہے جہاں پر لوگ اپنے نظریات پیش کر سکتے ہیں یا کسی پسندیدہ نظریے کی حمایت میں اپنا ووٹ بھی دے سکتے ہیں۔

اس ویب سائٹ پر جو ابتدائی نظریات آئے ہیں اس میں سولر پینل کیس، ایک ایسی دوسری سکرین جو 360 ڈگری کے زاویے سے گھوم سکے اور ایک ایسا ڈیزائن جو کی بورڈ اور اور گیمز کنٹرولر کو مربوط کر سکے، جیسی آرا شامل ہیں۔

زیڈ ٹی ای کمپنی نے عوام کی رائے کے مطابق تیار ہونے والے ’کراؤڈ سورس‘ فون کو 2017 میں لانچ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

جنوری میں لاس ویگاس میں ہونے والے کنزیومر شو میں اس خیال کو پہلی بار پیش کیا گيا تھا اور اس کا نام پروجیکٹ ’سی ایس ایکس‘ رکھا گيا تھا۔

عوام کی رائے کے لیے ویب سائٹ کو باقاعدہ طور پر تین اگست کو لانچ کیا گيا تھا اور اب اس سائٹ پر متعلق بڑی تعداد میں لوگوں کی رائے اور تجاویز دیکھی جا سکتی ہیں۔

لوگوں نے طرح طرح کی تجازیز دی ہیں جس میں سے بعض بڑی پیچیدہ نوعیت کی یا پھر بہت مہنگی ہیں جس سے فون بہت مہنگا ہوسکتا ہے۔

لیکن سمارٹ فون تیار کرنے والی کمپنی نے بھی اس کے لیے بعض شرائط رکھی ہیں تاکہ نا قابل عمل تجاویز یا نظریات سے بچا جا سکے۔

زیڈ ٹی ای میں ٹیکنالوجی کی منصوبہ سازی محکمہ کے نائب صدر جیف ای کا کہنا ہے: ’بلا شبہہ، کسی بھی مقابلے میں کچھ اصول و ضوابط ہوتے ہیں اور پابندیاں بھی عائدہوتی ہیں۔ سب سے اہم چیز یہ ہے کہ جو بھی پروڈکٹ ہم تیار کریں وہ زیڈ ٹی ای کے مشن کے مطابق ہو۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’یہ ضروری ہے کہ یہ ایک موبائل پروڈکٹ ہو، تکنیکی طور پر 2017 تک تیار کرنا ممکن ہو اور عام لوگوں کے اسے خریدنے کی سکت ہو۔‘

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی یہ کوشش صارفین سے اپنے رابطوں کو زیادہ مضبوط کرنا ہے تاکہ اس مقابلہ جاتی دور میں وہ عوام کی خواہشات کے مطابق اپنی مصنوعات پیش کر سکے۔

لیکن سمارٹ فون کے ماہرین کا ماننا ہے کہ عوام کی رائے کے مطابق کوئی بھی پروجیکٹ تیار کرنا بہت سی شرائط اور حدود کے دائرے میں ہوتا ہے اور یہ آ‎سان کام نہیں ہے۔ ٹوٹل ٹیلی کام کے ایڈیٹر نک ووڈ کا کہنا ہے کہ ’مجھے شک ہے کہ پروجیکٹ سی ایس ایکس کچھ ایسا ایسی چیز تیار کرے گا جسے دنیا نے اس سے قبل کبھی نہ دیکھا ہو۔

اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ جو ڈیوائس تیار ہو اسے عوام میں خریدنے کی طاقت ہونے چاہیے، اس سے مہنگے فیچرز ہونے کے امکان نہیں رہ جاتا جیسے لچکدار سکرین کے لیے نئی منیوفیکچرنگ تکنیک کا استعمال وغیرہ۔‘

زیڈ ٹی ای چین میں ہواوئے کے بعد دوسری سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ہے۔ کمپنی اپنے سمارٹ فون کے لیے مشہور ہے لیکن دوسری الیکٹرانک اشیا بھی بناتی ہے۔