کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میڈیکل کالج کراچی کے فارغ التحصیل طلبہ کی بین الاقوامی تنظیم ایس ایم سی المنائی کے زیر اہتما م سلور جوبلی تقریبات کے حوالے سے 1990ء کے فارغ التحصیل گریجویٹس نے جناح سند ھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی کو لیکچر ہال کا تحفہ دے دیا ۔نو تعمیر لیکچر ہال کو سابقہ پرنسپل سندھ میڈیکل کالج کراچی اخلاق النبی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
سابقہ گریجویٹس کی جانب سے لیکچر ہال کی چابی وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع کے حوالے کی گئی اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع نے کہاکہ سندھ میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل طلبہ کا عمل اپنے مادر علمی سے محبت کرنے والوں کے لئے قابل تقلید عمل ہے ایس ایم سی المنائی نے ہر دور میں اپنے مادر علمی کا نام روشن کیا اور اس کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا انہوں نے ایس ایم سی المنائی کلاس 1990ء بیچ کو اپنے مادر علمی کو لیکچر ہال کا تحفہ دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ایس ایم سی المنائی 1990ء بیچ کے گریجویٹس ڈاکٹرہماء شہاب ، ڈاکٹر طارق جمیل ،ڈاکٹر سہیل رفیع ،ڈاکٹر یاسین ابو بکر ،ڈاکٹر عابد حسن نے اپنے خطاب میں کہاکہ جناح سندھ میڈیکل کالج سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی تک کا سفر اساتذہ اور طلباء و طالبات کی طویل جد وجہد جہد کا ثمر ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جناح سندھ یونیورسٹی کو شعبہ طب کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کا عظیم درسگاہ بنا یا جائیگا۔