کراچی (جیوڈیسک) بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ نے کہاہے کہ کراچی اکثر یاد آتا ہے ضیا محی الدین کے ساتھ کراچی میں بہت اچھا وقت گزرا عصمت چغتائی، بانو قدسیہ، قرۃ العین حیدر، غالب اور میر کی گفتگو سے ہماری صبح ہوتی تھی اور شیکپیئر تک آتے آتے شام ہوجاتی تھی جلد ایک مرتبہ پھرکراچی آؤں گا۔
نصیرالدین شاہ کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ رتنا شاہ کو کراچی کے عوام کے سامنے پرفارم کرکے اچھا لگا، جب بھی فرصت کے لمحے میسر آتے ہیں تو ہم دونوں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ کے طلبا اور ضیا محی الدین کی محبتوں کا تذکرہ کرتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ضیا محی الدین کا کہنا تھا کہ تھیٹر کے حوالے سے پاکستان میں بہت کام ہوا ہے انور مقصود اور کمال احمد رضوی کا شمار تھیٹر کے ان لیجنڈز میں ہوتا ہے جنھوں نے تھیٹر کو زندگی بخشی۔ میں اکثر پاکستانی ڈرامے دیکھتا ہوں روایت سے ہٹ کر کہانیوں پر فنکار کام کرتے ہوئے اچھے لگتے ہیں۔