چلتے ہو تو چمن کو چلئے سنتے ہیں کہ بہاراں ہے پات ہرے ہیں پھول کھلے ہیں کم کم باد و باراں ہے
جی ہاں کم بیش یہی کیفیت ہے ان دنوں فرانس میں 17 ستمبر بروز اتوار ہونے والے فرانس میلہ کی ہے ٬ سفارتخانہ پاکستان کے زیر اہتمام 70 سالہ جشن پاکستان ٬پاکستان سے دور یورپ میں خاص طور سے فرانس میں ایسا پروگرام کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے٬ جہاں نہ اپنا انداز ہے اور نہ ہی وہ لوازمات جو پاکستان میں آسانی سے مل جاتے ہیں۔
پاکستانی بہادر قوم ہے ٬ یہ قوم جب کسی مقصد پر خلوصِ نیت سے ڈٹ جاتی ہے تو اکٹھی ہوکر بڑے بڑے معرکے چٹکی بجاتے سرانجام دیتی ہے٬ اسی طرح اس میلے میں حائل تمام دشواریاں اہل ہُنر نے محنت اور استقامت سے رات دن کام کر کے دور کیں ٬کڑی سے کڑی ملی اور زنجیر وطن تیار ہوئی طویل دورانیے کے اس میلے میں مختلف انداز مختلف پروگرامز پیش کرنے جا رہے ہیں٬آج پاکستان کا روشن چمکتا ہوا چہرہ بین القوامی معیار کے عین مطابق دکھائی دے رہا ہے٬ 70 سال کا ہو گیا یہ پیارا مُلک اہلیان وطن کو مُبارکباد ٬غیور اور زندہ قومیں اپنے آزادی کے جشن کو طمطراق اور اہتمام سے مناتی ہیں۔
دنیا بھر میں پاکستان کے جشن آزادی ہو یا یومِ دفاع بڑے بڑے پروگرامز کئے جاتے ہیں جن کا اصل مقصد وہاں کے مقامی لوگوں کو پا کستان کی ثقافت اس کی تاریخی روایات سے روشناس کروانا ہوتا ہے٬ اہلیان فرانس کی دیرینہ خواہش تھی کہ اس طرح کا کوئی بڑا جشن فرانس میں بھی منعقد کیا جائے ٬ جس میں نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر اقوام بھی شامل ہوں اور ہمارے کلچر کو خود دیکھیں جس میں دہشت گردی نہیں بلکہ امن ہے جیو اور جینے دو کا اصول ہے٬میلہ 2017 فرانس میں ہم سب کا شریک ہونا گویا یہاں پاکستان کیلئے زندگی کی امید کی اور تازگی کی نئی لہر ہوگی ٬ جس کی اس وقت پاکستان کیلیۓ ضرورت ہے۔
اس میلے میں پاکستان کا ہر شہری ضرور شام ہو بلکہ یورپ میں جہاں کہیں آپ کے عزیز ہیں دوست ہیں سب کو بھرپور دعوت عام دیں ٬ یہ پروگرام کسی ایک کا نہیں ہے ٬پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب ہی اس میں مدعو کرنے والے ہیں٬ آئیں اور اس کی رونق کو دوبالہ کرتے ہوئے اس ملک کی شان بڑہائیں ٬صبح 11 بجے سے شام تک جاری رہنے والا یہ میلہ پیرس میں تھکے ہوئے ذہنوں کیلئے تراوٹ ثابت ہوگا٬ پاکستانی جھنڈوں کی بہار ہو گی٬ ماحول گاہے بگاہے پاکستان زندہ باد کے خوشگوار نعروں سے دلوں کو گرمائے گا٬بچوں کیلیۓ رنگ برنگ اسٹالز ہوں گے جہاں سے وہ من پسند چیزیں خرید سکیں گے٬ کھانے پینے کے انواع و اقسام کے اسٹالز ہوں گے جہاں پاکستان کے روایتی لذیذ پکوان موجود ہوں گے۔
سفیر پاکستان جناب معین الحق صاحب کے دور میں فرانس یہ شاندار تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے ٬اسٹیج پر آپکو ننھے مُنے بچے ملی نٰغموں پر ٹیبلوز پیش کرتے دکھائی دیں گے٬پاکستان کے علاقائی ملبوسات پہنے آپکو پاکستان کا احساس دلائیں گے٬کہیں پتنگ بازی ہوگی بو کاٹا سے فضائیں گونج کر لاہور کی یاد دلائیں گی۔
کہیں شعراء اپنے کلام سے وطن کی شان بیان کریں گے تو کہیں اہل قلم اپنے جزبات کا اطہار کریں گے٬ کہیں پاکستان کی تاریخ بیان ہوگی تو کہیں اس کے معماروں کا ذکر ہوگا٬ قائد اعظم علامہ اقبال کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا ٬ نوجوان نمائیندہ نسل اور دیگر نامور خواتین و حضرات حصہ لیں گے۔
اتنا کچھ ہو اور میوزک کا تڑکہ نہ ہو یہ کیسے ممکن ہے٬ آپ کے جوش کو مزید بڑہانے کیلیۓ پاکستان سے خصوصی آمد ہے جواد احمد کی ٬ فیشن شو کا انعقاد بھی ہوگا٬ پاکستان کی تاریخ کو اور مستقبل کو دنیا کے سامنے خوبصورت مؤثر انداز میں بیان کیا جائے گا٬ اس لئے کہ یہ ملک تعمیر کے بعد تخریب کا نشانہ بنا اور اب پھر اپنی تعمیر نو کر رہا ہے٬ اس حسین مضبوط کامیاب خوشحال پاکستان کو اپنے ساتھ سے اپنی شمولیت سے مزید کامیاب کیجیۓ ٬ کیونکہ
کتنی نسلوں کی قربانیوں سے ملا اےوطن تو ہماری وفا کا ِِصلہ چاند چمکا تو روشن ستارہ ہوا اے وطن تیرا دکھ سُکھ ہمارا ہوا تو سلامت وطن تا قیامت وطن