”بھارتیو”کشمیر چھوڑ دو

Kashmir

Kashmir

مقبوضہ کشمیر کی ایک عدالت نے 8 برس قبل فوجی اہلکاروں کے ہاتھوں بانڈی پورہ کے نوجوان کے قتل اور اسے جلانے کے حوالے سے دائردرخواست کو تسلیم کرتے ہوئے ریاستی و مرکزی سرکار کے نام نوٹس جاری کیا ہے اور 4 ہفتوں میں تحریری جواب داخل کرنے کی ہدایات جاری کیں ہیں۔ سری نگر میں جسٹس بنسی لال بھٹ کی عدالت میں ہائی کورٹ کے معروف وکیل ایڈوکیٹ میر شفقت حسین نے پاپہ چھن بانڈی پورہ کی سلیمہ بیگم کی طرف سے دائردرخواست پر سماعت ہوئی۔درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 2006 میں ان کے 21 سالہ فرزند عابد حسین شاہ اور ان کے سیلز مین منظور احمد کو ان کی دکان میں فوج کی 14 آر آر کیمپ سے وابستہ اہلکاروں نے گولیاں مار کر جان بحق کردیا اور اسکے بعد اس جرم پر پردہ ڈالنے کیلئے ساری عمارت کو آگ کی نذر کردیا تھا۔

عابد حسین کا کسی بھی عسکری یا سیاسی تنظیم کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا جبکہ وہ اپنی گریجویشن کے بعد اپنی اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ اس واقعہ کے بعد متاثرہ کنبے نے بانڈی پورہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرانی چاہی لیکن پولیس نے ان کی ایک نہ سنی اور اس معاملے میں کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔درخواست میں ایڈوکیٹ شفقت نے کہاہے کہ فوج نے بیشتر کیسوں میں افسپا قانون کا غلط استعمال کرکے صرف اپنے ہی بیانات قلمبند کروائے ہیں اور عابد حسین کے معاملے میں بھی ایسا ہی کیا گیا اور متاثرہ کنبے کی کوئی بات نہیں سنی گئی۔

عابد کے والدین نے اعلیٰ پولیس حکام کے ساتھ بھی رابطہ کیا لیکن آج تک اس حوالے سے کوئی بھی پیش رفت نہیں ہوئی۔چنانچہ متاثرہ خاندان نے ریاستی حقوق کمیشن کے پاس ایک درخواست دائر کی جس میں 14آر آر اورپولیس اسٹیشن بانڈی پورہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل سماعت کرنے کے بعد ریاستی و مرکزی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ ہیومن رائٹس کمیشن کے فیصلہ کو بطور شواہد تسلیم کرے اوردرخواستمیں ابھارے گئے ایشوز کی رو سے 4ہفتوں کے اندر اندر اپنا جواب پیش کرے۔

مقبوضہ کشمیر کے مقامی حقو ق انسانی فورم وائس آف وکٹمزنے انکشاف کیا ہے کہ جموں کشمیر میں اب بھی مختلف نوعیت کے اذیت خانے اور ٹارچر سیل موجود ہیں جہاں بلالحاظ عمر کشمیریوں کو سخت تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے جس کے نتیجہ میں بیسیوں افراد جسمانی طور پر معذور ہو چکے ہیں۔ 25برس قبل ریاست کے اطراف و اکناف میں فوج ، فورسز ، ٹاسک فورس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے گرفتار افراد کو اذیتوں کا نشانہ بنانے کیلئے جو انٹیروگیشن سینٹر قائم کئے تھے

ان میں سے اب بھی لاتعداد اذیت خانے موجود ہیں ۔ کشمیریوں کو صرف جسمانی اذیتوں کا نشانہ نہیں بنایا جاتا ہے بلکہ یہاں کا ہر شخص روزانہ ذہنی ٹارچر کا سامنا بھی کرتا رہتا ہے ۔ کشمیر میں بلا لحاظ عمر و جنس لوگوں کو اذیتوں کا شکار بنایا جاتا ہے اور اس کی روک تھام کیلئے آج تک کوئی کارگر اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔ گزشتہ 25برسوں کے دوران ہزاروں کی تعداد میں مردو زن ، بچوں اور بزرگوں کو جسمانی اذیتوں کے ساتھ ساتھ ذہنی ٹارچر کا نشانہ بھی بنایا گیا ، جس کے نتیجے میں بیسیوں افراد جسمانی اور ذہنی طور ناتواںبن گئے ۔ سنگباری کے الزام میں جن بچوں اور نوجوانوں کو گرفتار کیا جاتا ہے، انہیں بھی سخت جسمانی ٹارچر کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کو ذہنی تشدد کا شکار بنایا جاتا ہے۔

عالمی حقوق انسانی کے ادارے حقوق انسانی کی دیگر پامالیوں اور خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ذہنی اور جسمانی ٹارچر کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات کا بھی سنجیدہ نوٹس لیں اور اس سلسلے میں اپناکردار ادا کریں ۔ حریت کانفرنس(گ)مقبوضہ کشمیر کے چیئرمین سید علی گیلانی تاحال اپنے گھر میں نظربند ہیں اور وہ2014 میں تسلسل کے ساتھ 11ویں مرتبہ نماز جمعہ پڑھنے سے بھی محروم رہے ہیں جبکہ نظربندی کے سبب تحریک حریت جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی، ایاز اکبر اور الطاف احمد شاہ بھی یہ دینی فریضہ ادا نہیں کرسکے۔جموںکشمیر لبریشن فرنٹ کی جانب سے”کشمیر چھوڑ دو” تحریک کے سلسلے میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے مدینہ چوک سے ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا گیا جس میں بڑی تعداد میں کشمیری عوام نے شرکت کی۔

ریلی کی قیادت فرنٹ کے مرکزی نائب چیئرمین ماسٹر شیخ محمد افضل نے کی۔یہ جلوس مدینہ چوک گائوکدل سے شروع ہوا۔ جلوس میں شامل افراد کی جانب سے آزادی، شہدائ، تحریک آزادی کے حق میں اور گرفتاریوں کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔ جلوس جب بڈشاہ چوک کے قریب پہنچا تو پولیس اور فورسز کی بھاری نفری نے اس کا راستہ روک لیاجس پر مظاہرین وہیں دھرنے پر بیٹھ گئے۔ اس دھرنے سے قائدین ِ فرنٹ نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں قائدین نے ظلم و جبر کے بڑھتے ہوئے ہتھکنڈوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج پُرامن سیاسی جدوجہد کرنے والوں پر جیل اور تھانوں کے دروازے کھول دئے گئے ہیں۔

قائدین نے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین جناب محمد یاسین ملک سمیت درجنوں قائدین و کارکنوں جن میں نائب چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ، نائب چیئرمین شوکت احمد بخشی، زونل صدر نور محمد کلوا ل نائب چیئرمین مشتاق احمد اجمل ودیگر کی مسلسل نظربندی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد جمہوری حکمرانوں نے جمہوریت کش اقدامات سے یہاں عوام الناس کا جینا دوبھر کردیا ہے۔قائدین نے سو پور کے معصوم شہید ارشد احمد کے بہیمانہ قتل ناحق، سوپور اور ملحقہ علاقوں میں جاری فورسز کے تشدد، مسلسل کرفیو اور اس کے نتیجے میں عوام الناس کو تنگ کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سوپور اور ملحقہ علاقوں میں بھارتی حکمران ،انکے کشمیری گماشتے اور فورسز عوام الناس پر جو جبر ڈھارہے ہیں۔

Mohammad Yasin Malik

Mohammad Yasin Malik

اسکی نظیر ملنا بھی بہت دشوار ہے۔اس ظلم و جبر اور تعدی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ آج کایہ احتجاجی پروگرام اور دھرنا اسی ظلم، جبر اور سرکاری دہشت گردی کے خلاف ہے۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور دیگر قائدین جنہیں 23جون کو گرفتار کیا گیا تھا تاحال سینٹرل جیل وغیرہ میں قید ہیں جبکہ پچھلے پانچ روز سے کئی عدالتیں مختلف تاویلات اور بہانے تراش کر محبوسین کو ضمانت پر رہا کر دینے میں بھی لیت و لعل سے کام لے رہی ہیں۔بٹہ مالو تھانے میں قید قائدین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ،مشتاق احمد اجمل،سید نثار جیلانی، مولوی عبدالرشید اور نذیر احمدکو گذشتہ روز عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔

عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل سرینگر منتقل کر دیا ہیجبکہ چیئرمین محمد یاسین ملک، شوکت احمد بخشی، محمد صدیق شاہ، محمد رفیق وار، بشیر احمد کشمیری،مشتاق احمد، عبدالمجید و دیگر اسلام آباد جیل میں قید ہیں۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان رفیق احمد ڈار نے چیئرمین فرنٹ محمد یاسین ملک سمیت درجنوں قائدین کی مسلسل اسیری اور اس سلسلے میں پچھلے کئی روز سے چند عدالتوں کی جانب سے روا رکھے جانے والے لیت و لعل کے رویے کو حد درجہ افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیل ،قید و بند اور صعوبتوںکا تحریک آزادی کے ساتھ چولی دامن کا رشتہ ہے اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین سمیت دوسرے قائدین و اراکین کیلئے یہ کوئی نئی چیز نہیں ہے لیکن جو چیز حد درجہ حیران کن اور افسوس ناک ہے وہ یہ ہے۔

چند عدالتیں ،فاضل جج صاحبان اور تحصیل دار حضرات میرٹ اور قانون کے مطابق فیصلے کرنے کے بجائے کھلے بندوں پولیس اور ایجنسیوں کے احکامات کے مطابق یہ فیصلے صادر فرمارہے ہیں۔جب عدلیہ اور قانون کی حفاظت کرنے والے ادارے اور حکام قانون کے مطابق فیصلے کرنے کے بجائے پولیس کے اشاروںپر فیصلے صادر فرمانے میں منہمک ہوجائیں تو اس صورت حال کو مذموم ہی کہا جاسکتا ہے۔ گرفتاریوں ،قدغنوں،رکاوٹوں اورجبر کے اقدامات سے تحاریک آزادی کو شکست نہیں دی جاسکتی ہے بلکہ یہ مصائب و آلام ہمارے حوصلوں کو نئی قوت اور تقویت بخشنے کا کام کرتے ہیں۔

Mumtaz Awan

Mumtaz Awan

تحریر:ممتاز اعوان
برائے رابطہ:03215473472