اسلام آباد (جیوڈیسک)ملک بھر میں موسم سرما زوروں پر ہے۔ برف باری کے باعث گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد بالائی علاقوں کے زمینی رابطے کئی روز سے منقطع ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آج کشمیر میں پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ گلگت بلتستان میں برف باری کے حالیہ سلسلے نے شہریوں کی زندگی انتہائی مشکل بنادی ہے۔
غذر اور استور کے بالائی علاقوں کے زمینی راستے برفباری کے باعث بند ہیں جس کی وجہ سے خوراک کی شدید قلت ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی متعدد علاقوں کو جانے والے راستے برف باری کے باعث بند ہیں۔ شدید سردی اور خوراک کی قلت کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں موسم سرد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ تاہم کشمیر میں پہاڑوں پر مزید برفباری کی توقع ہے۔ منگل کے روز سب سے کم درجہ حرارت کالام اور پارا چنار میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔