نام نہاد لیڈر ملک کو میدانِ جنگ بنانا چاہتے ہیں، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ اور وزیر اعظم ہاؤس پر حملے کا دن ملک کی سیاسی تاریخ میں سیاہ دن کے نام سے لکھا جائے گا۔ اتوار کو اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ نام نہاد لیڈر آئین و قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے عمارتوں اور ملک کے اعلیٰ اداروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جو قابلِ مذمت ہے۔

شہباز شریف نے ملک کو بڑے نقصان سے بچانے کے لیے وزیر اعظم نواز شریف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ عمران خان کے ان اقدامات کے باعث حامیوں میں ان کی مقبولیت کم ہو چکی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری ملک کو میدان جنگ بنانا چاہتے تھے لیکن عوام نے ان کی نیت بھانپ لی ہے اور ان کی اس تحریک کو مسترد کردیا ہے۔

شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں، حمایتیوں اور ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ مشتعل ہونے کے بجائے ثابت قدم رہیں اور صبر سے کام لیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس کی جانب سے اسلام آباد میں صحافیوں پر کیے جانے والے تشدد پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی انکوائری ہونی چاہیٔے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جانا چاہیٔے۔