ماسکو (جیوڈیسک) بائیسویں سوچی گیمز میں ٹیموں کے درمیان گولڈ میڈلز جیتنے کی دلچسپ جنگ جاری ہے۔جرمنی کا سب سے زیادہ سات گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے، پاکستان کے واحد ایتھلیٹ محمد کریم آج اِن ایکشن ہوں گے۔
سوچی میں ہونیوالی سرمائی گیمز میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔مردوں کے آئس ہاکی ایونٹ میں روس نے سلواکیہ کو شوٹ آؤٹ پر ایک صفر سے شکست دی۔ فگر سکیٹنگ ایونٹ میں شرکاء نے شاندار آئس ڈانس کر کے شائقین کو حیران کیا۔
امریکہ کی جوڑی (Meryl Davis) اور (Charlie White) برفیلے ٹریک پر خوبصورت ڈانس کے بعد ٹائٹل لے اڑی۔مینز (curling) ایونٹ کے راؤنڈ روبن مرحلے میں دلچسپ مقابلے ہوئے۔ کینیڈا نے چین کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
ناروے نے سوئٹزرلینڈ کو پانچ تین کے سکور سے ٹھکانے لگایا۔ ویمنز آئس ہاکی میں بھی ٹیموں نے خوب پرفارمنس دکھائی۔
میزبان روس کی ٹیم نے جاپان کو تین کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دی۔گرینڈ ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واحد سکئیر محمد کریم آج سکئینگ ایونٹ میں اپنا زور بازو دکھائیں گے۔