لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا ایک شتر بے مہار ہے اس کو لگام ڈالنے کے لئے مئوثر قانون سازی اور احتیاط کی ضرورت ہے، ایک جانب تیز ترین ابلاغ کا ذریعہ جبکہ دوسری جانب بے بنیاد خبریں بھی پھیلائی جا رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام لاہور میں پہلی سوشل میڈیا سَمِٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ دعوت کے فروغ اور قومی مفاد کے لئے سوشل میڈیا کا مئوثر استعمال کامیابی کی کلید ہے ۔ اچھی ویب سائٹس کے ذریعے ملک اور مذہب کے بارے میں بیرونی پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دیا جا سکتا ہے۔ فیس بک اور ٹوئیٹر جیسی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس کی اہمیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ ہر قسم کے مواد کو پھیلانے کا باعث ہیں۔
یہ حقیقت ہے کہ اگر اس میدان کو شرپسندی پھیلانے پر مامور قوتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا تو اس سے معاشرتی بگاڑ جنم لینے کا خدشہ ہے اس لئے صحیح اسلامی اور ملکی روایات کے امین حلقوں کا فرض ہے کہ وہ اس بارے میں اپنا کردار ادا کریں۔زبیر حفیظ کا مزید کہناتھا کہ تمام سوشل میڈیا نے جہاں گلوبل ولیج، تعلیم، تفریح اور رائے عامہ کی تعمیر، سماج کو متحرک بنانے اور معلومات کا بازار بنانے میں تعاون کیا ہے وہیں جنسی، تشدد،لڑائی جھگڑے ،برائی اور سماج کو اخلاقی اور ثقافتی زوال کی جانب گامزن کیا دیا۔
اب ہم نوجوانوں کو خود ہی اس کا انتخاب کرنا ہوگا کہ ہمیں کس طرف جانا چاہتے ہیں۔ نوجوانوں کے کردار کو تباہی سے بچانے کے لئے اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
سید امجد حسین بخاری سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہپاکستان 0334-5019016