سوشل میڈیا کے ذریعے وطن عزیز پر نظریاتی یلغارکا مقابلہ ناگزیر ہو چکا، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ ملک وملت دشمن طاقتیں اسلام اور پاکستان کیخلاف منظم ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے وطن عزیز پر نظریاتی یلغار کی جارہی ہے، مقابلے کیلئے علماء کرام کو تیاری کرنے کی ضرورت ہے، مشکل حالات کے مقابلے کیلئے اسلام نے مسلمان کو ہر وقت تیار رہنے کا حکم دیاہے ،جدید فتنوں کی سرکوبی کیلئے جدید علوم کا حصول ناگزیر ہے،کفرو اسلام کی موجودہ تہذیبی جنگ سے نبرد آزما ہونا بھی طلبہ مدارس اور علماء کی ذمہ داری ہے۔اتوار کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں دورہ حدیث کے طلبہ ,اساتذہ اور دیگر علماء کرام سے گفتگو کرتے ہوئے رئیس جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ علماء کیلئے جدید علوم کا حصول ناگزیر ہوچکاہے ، طلبہ قرآن وحدیث کے علاوہ دیگر علوم وفنون میں بھی مہارت حاصل کریں ، اہل مدارس اپنا مقام ومرتبہ پہچانیں اور وقت کی قدر کریں ہمیں اسلام اور مدارس کیخلاف سازشوں کے مقابلے کیلئے متحد ومنظم ہونا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ ،ہمیں اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چل کر نت نئے آنے والے فتنوں کی سرکوبی کیلئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ مدارس سے سند فراغت حاصل کرنے والے طلبہ عوام میں معاشرتی مسائل کے حوالے سے آگہی فراہم کریں، کسی بھی شخص یا نظریہ سے متاثر ہونے کے بجائے راہ سنت اور اتباع دین کو کسی صورت نہ چھوڑیں نت نئے نظریات دجالی فتنے ہیں ان کیخلاف منظم اور مدلل انداز میں کام کریں،انہوں نے کہاکہ اس وقت سوشل میڈیا اورپرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے ذریعے جدید فتنوں کی تبلیغ کی جارہی ہے جس کے مقابلے کیلئے علماء اور طلبہ کو میدان میں آنے کی ضرورت ہے کیونکہ اہل مدارس ہی امت مسلمہ کے اسلامی تشخص اور مستقبل کا آخری سہاراہیں ، انہوں نے کہاکہ علماء کرام انبیاء کے وارث ہیں اس لیے ان پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں،ہم آج ایسے دور میں کہ جس میں مشکلات بہت ہیں اور شدید حالات سے واسطہ ہے ، ہمارے اسلاف بھی نازک اور مشکل ترین حالات سے گزرے ہیں ہمیں ان کی زندگیوں سے سبق حاصل کرکے ان کٹھن حالات میں اپنا راستہ بنانا ہو گا۔