کراچی (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ بتاتی ہے کہ فوجی عدالتیں اور فوجی آپریشنز کبھی بھی مسئلے کا حل ثابت نہیں ہو سکے، تاہم سسٹم کو بچانے اور بنیادی آئینی حقوق کی پامالی نہ ہونے کی شرائط پر کڑوا گھونٹ پیا ہے۔
پاکستان میں حقیقی اسلامی انقلاب کے لئے جماعت اسلامی کے پاس انتخابات کے سوا کوئی آپشن موجود نہیں۔ اس بات کا اظہار انہوں نے مسجد قبا گلبرگ میں منعقدہ جماعت اسلامی ضلع وسطی کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی سب سے بڑی حقیقی جمہوری سیاسی قوت ہے جس کی نمائندگی ملک میں گراس روٹ تک موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں موجود تبدیلی کے جائز طریقہ کی موجودگی کو چھوڑا نہیں جاسکتا۔