چمن (جیوڈیسک) پشتونخوا میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ معاشرتی اصلاح کے بغیر عوام کی خدمت کرنا ممکن نہیں، پارٹی کے کارکن شراب نوشی اور دیگر نشے نہ کرے، ایسا کرنے والوں کو پارٹی سے نکال دیں گے۔ یہ باتیں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں چمن میں انتخابی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا پشتونخوا میپ کا منشور عین اسلام اور شریعت کے مطابق ہے۔
معاشرتی اصلاح کئے بغیر عوام کی خدمت کرنا ممکن نہیں ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ آج کے بعد پشتونخوا میپ کا کوئی کارکن شراب نوشی اور دیگر اقسام کے نشوں میں ملوث پایا گیا تو اسے پارٹی سے نکال دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتیں منفی پروپیگنڈا سے باز آجائیں ووٹ سے جنت کا حصول ممکن نہیں، بلکہ ووٹ مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کیلئے کارآمد ہے، جنت عمل سے بنتی، ہمیں اپنے اعمال کی اصلاح کرنا ہو گی۔