چارسدہ (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں قانون کا کہیں نام و نشان نہیں، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون نافذ ہے۔
چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک میں ہر لڑائی اور انتشار کی وجہ ناانصافی ہے، ملک میں انصاف ہوگا تبھی خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ جب یہ ملک بنایا گیا تھا تو ایک نظریئے کی بنیاد پر قائم کیا گیا تھا، آج وہ قائد کا پاکستان نہیں رہا، علامہ اقبال پاکستان کے عظیم لیڈر تھے جن کے خواب کی تعبیر کی صورت میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ بڑے لیڈروں نے اپنی دولت بیرون ملک رکھی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو رہے ہیں، غریب دن بدن غریب اور امیر امیر ترین ہوتا جا رہا ہے، یہ ملک لوگوں کو انصاف دینے کیلئے بنایا گیا تھا۔