ڈیرہ اسماعیل خان (سٹاف رپورٹر) ہلال احمر پاکستان ضلع ڈیرہ اسماعیل خان برانچ کے تحت یونین کونسل مندھرہ کلاں کی سطح پر تنظیم سازی کے لئے ضلعی برانچ میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیاگیا۔ جس کی سربراہی اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ زاہد پرویز وڑائچ اور سیکرٹری ہلال احمر پاکستان ضلع ڈیرہ شفقت اللہ بلوچ نے کی۔
تفصیلات کے مطابق ہلال احمر پاکستان ڈیرہ اسماعیل خان برانچ کے تحت مون سون بارشوں کی وجہ سے آنے والے ممکنہ سیلاب اور کسی بھی تباہی سے نمٹنے کیلئے یونین کونسل مندھرہ کلاں کی سطح پر ایک کمیٹی قائم کی گئی۔کمیونٹی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیم (CDRT) نامی اس کمیٹی کامقصد کسی بھی ممکنہ آفات سے بچاؤ اور تدارک کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا’ جس کو باقاعدہ تربیت دی جائے گی تاکہ یہ لوگ اپنے علاقہ میں کسی بھی آفت سے بہتر طریقے سے نمٹ سکیں۔اس ٹیم میں محکمہ صحت’تعلیم اور کمیونٹی کے رضاکارشامل کئے گئے ہیں۔
کمیونٹی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیم (CDRT) کو ہلال احمر پاکستان ڈسٹرکٹ برانچ کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفسیر ملک زاہد جمیل لک نے ٹیم کے اغراض ومقاصد اور ہلال احمر کے کام کرنے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔زاہد جمیل لک کاکہنا تھا کہ مذکورہ ٹیم علاقائی سطح پر آفات سے بچاؤ وتدارک اور عوامی رابطہ کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم میں بھی حصہ لے گی اور کسی بھی آفت کی صورت میں ہلال احمر پاکستان کے ساتھ مل کر لوگوں کی فلاح و بہبود میں تعاون کرے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ زاہد پرویز وڑائچ اور برانچ سیکرٹری شفقت اللہ بلوچ اور تحصیلدار ڈیرہ نے اس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ریسپانس ٹیم سے خطاب کیا۔
برانچ سیکرٹری شفقت اللہ بلوچ کا کہنا تھا کہ ہلال احمر پاکستان کسی بھی آفت کی صورت میں بروقت ریسپانس دیتے ہوئے علاقہ مکینوں کی مدد کے لئے تیار رہتی ہے۔اس کے علاوہ ہم اپنے رضاکاروں کی باقاعدہ تربیت بھی کرتے ہیں اور پہلے مرحلے میں ابتدائی طبی امداد کی تربیت دی جاتی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں ہلال احمر پاکستان کے رضاکار دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے علاقائی سطح پر آفات سے بچاؤ اور معاشرے میں تربیت یافتہ رضاکاروں کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ان کا کہنا تھا کہ رضاکار معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کاکردار ادا کرتے ہیں۔ انہوںنے رضاکارانہ خدمت خلق پر زور دیتے ہوئے رضاکاروں کی بہتر تربیت پر بھی زور دیا۔
جبکہ مقامی افراد نے علاقہ میں درپیش چند مسائل پر بھی حکام بالا کی توجہ بھی مرکوز کروائی۔اس موقع پر سینئر رضاکار رضوان اعوان بھی موجود تھے۔