شیخوپورہ (ڈاکٹر ایم ایچ بابر سے) کوئی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک مردوں کے شانہ بشانہ عورتیں کام نہ کریں ان خیالات کا اظہار ای ڈی او سی ڈی حامد علی شہزاد نے صنعت زار میں نیفٹیک کے زیر اہتمام تربیت حاصل کرنے والی طالبات میں میک اپ کٹ اور سلائی مشینیں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈی او سوشل ویلفئیرومینجر صنعت زارا محمد حنیف گجر،چئیرمین ایڈوائزری کمیٹی صنعت زار ملک غلام حسین اعوان کے علاوہ طالبات کی کثیر تعداد موجو د تھی ۔انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کے حقوق کو بہت اہمیت دی ہے جس نے ایک بیٹے کو تعلیم دی اس نے ایک فرد کو تعلیم دی اور جس نے ایک بیٹی کو پڑھایا اس نے ایک خاندان کو تعلیم یافتہ کیا۔
ڈی او سوشل ویلفئیرومینجر صنعت زارا محمد حنیف گجرنے کہا کہ خواتین کو تعلیم یافتہ کر کے انہیں انکے بنیادی حقوق دیکر اور قومی ترقی کے دھارے میں شامل کر کے ملک کو ترقی یافتہ بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعت زار میں خواتین کو میک اپ سمیت دیگر کورسز کروائے جا رہے ہیں جس سے انہیں اپنی عملی زندگی میں بڑی مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی سٹوڈنٹس کو بیرون ملک کے دورے بھی کروائے جائیں گے ۔تقریب کے اختتام پر سٹوڈنٹس میں میک اپ کٹ اور سلائی مشینیں بھی تقسیم کی گئیں۔