اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے كہا ہے كہ ہمیں دہشت گردی اور شدت پسندی كی شكل میں بے مثال خطرات اور چیلنجز كا سامنا ہے لیکن ہم اپنی سرزمین وطن سے جلد ہی دہشت گردی اور شدت پسندی كا مكمل خاتمہ كردیں گے۔
یوم پاكستان كے موقع پر قوم كے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاكستانی قوم قائد اعظم محمد علی جناح كی پر جوش قیادت كے تحت 23 مارچ 1940 كو منظور كی جانیوالی قرارداد پاكستان كی 76ویں سالگرہ منار ہی ہے، اس قرارداد نے ہماری تاریخ كا رخ ہی بدل ڈالا، شدید ترین مشكلات اور بھرپور مخالفت كے باوجود آزاد ملك پاكستان كی شكل میں اس خواب كو تعبیر مل گئی، اس وقت ایسی ریاست کے لیے جدو جہد كی گئی جہاں پر ہم اپنے مذہبی عقائد اور ثقافتی اقدار كے مطابق زندگی گزار سكیں، آج ہم نے اپنی نسلوں كے مستقبل کے لیے ملك كے تحفظ اور حفاظت كا عزم كرركھا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج ہمیں دہشتگردی اور شدت پسندی كی شكل میں بے مثال خطرات اور چیلنجز كا سامنا ہے تاہم ہم نے ان خطرات كو شكست دینے كا پختہ عزم كرركھا ہے اورہم اپنی سرزمین وطن سے جلد ہی دہشتگردی اور شدت پسندی كا مكمل خاتمہ كردیں گے۔