کراچی (پ ر) پاکستان یکجہتی کونسل سندھ کے صدر علامہ قاری سجاد تنولی، مرکزی سیکریٹری جنرل مفتی عبدالقادر جعفر، علامہ نورالرحمن رحمانی، سید ولی المکی، شعیب حسن زئی ودیگر نے کراچی میں فوجی اہلکاروں پر حملے کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ کراچی آپریشن کو ناکام بنانے کی سازش ہے اور ایسے بزدلانہ حملے کرکے دہشت گردی حساس اداروں کو کھلا چیلنج کررہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومتیں چپ چاپ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں اور عوام اور ملک کو بے یارومددگار چھوڑا ہوا ہے اور لوٹ کھسوٹ میں لگی ہوئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر تین مہینے بعد کراچی آپریشن کو ایک سمری کے تحت التواء کا شکار بنایاجاتا ہے جس کے ذریعہ کرپشن مافیا اور دہشت گردوں کو چھوٹ دی جاتی ہے ۔ آخر کب تک معصوم لوگوں اور اہلکاروں کو ان دہشت گردوں کا نشانہ بننے دیا جاتا رہے گا۔ اُنہوں نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم کو اپنی پاک فوج پر فخر ہے موجودہ مشکل حالات میں وطن عز یز پاکستان میں الحمداللہ پاک افواج ہی تو ہے جو دن رات کام کررہی ہے اور اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر بے لوث اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے پاک دھرتی اور قوم کی خدمت کررہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی نااہلی کو تسلیم کرے ہوش کے ناخن لے ، حکومت عوام کی جان ومال کی حفاظت کرنے تک کے قابل نہیں۔ حکومت سندھ فوری پورے سندھ میں آپریشن کرنے کے احکامات جاری کرے اور آپریشن کوتیز سے تیز تر کیاجائے اور آپریشن کے بیچ آنے والی رکاوٹوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے۔ اُنہوں نے کہاکہ ہم سلام پیش کرتے ہیں پاک افواج اور وطن عزیز کے قابل فخر سپاہیوں کو جو ملک وقوم کی حفاظت کرنے میں انتھک محنت اور کاوشیں کررہے ہیں اور اپنی جانوں تک کا نذرانہ پیش کرتے ہیں پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیشہ پاک فوج نے وطن عزیز کے لئے آگے بڑھ کر کام کیا ہے اور پاک فوج کی وطن عزیزکے استحکام وسلامتی کیلئے دی گئی قربانیوں پر سلام پیش کرتے ہیں۔