بیجنگ (جیوڈیسک) چین نے امریکا کی جانب سے فوجیوں پر ہیکنگ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واشنگٹن سے فوجی تعلقات خراب ہونے کا عندیہ دیا ہے۔
چین نے امریکا کی جانب سے 5 چینی فوجیوں پر جوہری تنصیبات کی ہیکنگ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے فوجی تعلقات بری طرح متاثر ہوں گے۔
چینی وزارت خارجہ نے امریکی عدالت کی جانب سے فوجیوں پر ہیکنگ کے الزامات عائد کرنے پر بیجنگ میں تعینات امریکی سفارت کار کو طلب کر کے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جب کہ چینی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کے الزامات سے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سائبر سیکیورٹی ورکنگ گروپ کے حوالے سے جاری تعاون کا عمل بھی متاثر ہو گا۔
واضح رہے کہ امریکی عدالت نے اہم جوہری اور شمسی تنصیبات کی ہیکنگ کے الزام میں گزشتہ روز 5 چینی فوجیوں پر فرد جرم عائد کی تھی جس کے بعد سے دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔