فوجیوں پر سائبر جاسوسی کا امریکی الزام ، چین نے مسترد کر دیا

China

China

بیجنگ (جیوڈیسک) چین نے امریکا کی جانب سے اپنے 5 فوجیوں پر سائبر جاسوسی کے الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان الزامات سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نقصان پہنچے گا۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بیجنگ میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس معاملے پر چینی حکومت نے امریکی سفیر کو طلب کیا اور امریکا سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی غلطیوں کو فوری طور پر درست کرے اور الزامات واپس لیئے جائیں۔ترجمان نے کہا کہ چین کبھی بھی سائبر چوری میں شامل نہیں رہا۔

امریکی الزامات مکمل بے بنیاد ہیں اور درپردہ مقاصد کے تحت لگائے گئے ہیں۔گذشتہ روز امریکی محکمہ انصاف نے چینی فوج کے پانچ اہلکاروں پر سائبر جاسوسی کے ذریعے امریکی نجی کمپنیوں کے کاروباری راز چرانے کے الزام میں فردِ جرم عائد کی تھی۔