بصرہ میں کشیدگی پر عراقی پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس طلب

Protesters

Protesters

بغداد (جیوڈیسک) عراق کے شورش زدہ شہر بصرہ میں حالات قابو میں لانے کے لیے عراقی پارلیمنٹ نے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔

عراقی پارلیمنٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کے روز پارلیمان کے ہنگامی اجلاس میں بصرہ میں صحت اور سماجی بحران کے حل پر غور کیا جائے گا۔

عراقی پارلیمنٹ کا اجلاس مقامی وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوگا جس میں وزیراعظم اور کابینہ کے تمام وزراء بھی شرکت کریں گے۔

قبل ازیں شیعہ مذہبی سیاسی رہ نما مقتدیٰ الصدر نے پارلیمنٹ کو آئندہ جمعرات تک بصرہ کے بحران کے حل کے لیے آخری مہلت دی تھی۔ بصرہ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کرفیو نافذ ہے مگر اس کے باوجود پر تشدد مظاہرے جاری ہیں۔ انسانی حقوق کے اداروں کے مطابق پولیس کے ساتھ تصادم میں کم سے کم نو مظاہرین ہلاک ہوچکے ہیں۔

بصرہ میں انسانی حقوق کے ہائی کمشنر مہدی التمیمی نے بتایا کہ پولیس کی فائرنگ اور اشک آور گیس کی شیلنگ سے کئی شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔