موغادیشو (جیوڈیسک) صومالیہ میں بدھ کے روز پانچ سیکیورٹی اہل کار اور دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے والا ایک ماہر اس وقت ہلاک ہو گئے جب وہ ایک گاڑی میں نصب بم ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔
صومالی پولیس کے ترجمان محمد یوسف عمر مدال نے بتایا کہ کارکو موغا دیشو میں ایک پولیس اسٹیشن کے نزدیک پارک کیا گیا تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے شبے میں گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔گاڑی میں نصب بم اس وقت پھٹا جو وہ اسے ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ دھماکہ ریمورٹ کنٹرول سے کیا گیا۔
کسی گروپ نے فوری طور پر دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعوی نہیں کیا لیکن عموماً اس طرح کے دھماکے دہشت گرد گروپ الشباب کے ارکان کرتے ہیں۔
اس دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں تین پولیس اہل کار اور دو صومالی انٹیلی جینس سروس کے دو عہدے دارشامل تھے۔
وائس آف امریکہ کے رپورٹر نے بتایا ہے کہ اس دھماکے میں اقوام متحدہ کا بم ناکارہ بنانے کا ماہر بھی ہلاک ہوا۔
دھماکے سے قریب واقع کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
دھماکے میں ہلاک ہونے والے چھ افراد میں سے تین بم ناکارہ بنانے کی کوشش کررہے تھے جب کہ تین پہرہ دے رہے تھے۔