ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی کے بیٹے کو 2014ء میں گردوں کے کینسر کا مرض لاحق ہوا تھا۔ اس وقت آیان ہاشمی کی عمر صرف 3 سال اور 10 ماہ تھی۔ ڈاکٹروں کے مطابق کینسر کی اس قسم کا 4 سال تک کے بچوں پر حملہ آور ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔
عمران ہاشمی کا اس دلخراش وقت کو یاد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بدقسمتی سے میرا بیٹا ان چند فیصد بچوں میں شامل تھا جنھیں اس مرض نے جکڑ لیا۔ وہ وقت میرے اور میری فیملی کے لئے بہت کربناک تھا۔ بیٹے کو کینسر کا مرض لاحق ہونے کی خبر نے ہمیں بکھیر کر رکھ دیا تھا۔
اس صورتحال سے ہم سب سخت پریشان تھے۔ ہمیں دکھ، درد اور مایوسی سمیت مختلف قسم کے احساسات اور جذبات کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ ان سب کے باوجود مجھے اور میری فیملی کو پتہ تھا کہ ہم نے اس مرض کا مقابلہ کرنا ہے۔ ہمیں پتہ تھا کہ اگر ہم اپنے بچے کی زندگی بچانا چاہتے ہیں تو ہمیں ایک صبر آزما اور طویل عمل سے گزرنا ہوگا۔