لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں بیٹے کی ضمانت کے لئے آنے والی معمر خاتون کمرہ عدالت کے باہر غش کھا کر گر گئی، خاتون کو ریسکیو اہلکاروں نے ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا۔ سمبٹریال کی خاتون لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی عدالت میں اپنے بیٹے کی ضمانت کے لئے پیش ہونے کے لئے آئی تھی۔
خاتون کے بیٹے فاروق پر اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج ہے۔ خاتون کے بیٹے کی ضمانت کیس کی سماعت ہونا تھی کہ کمرہ عدالت کے باہر کھڑی معمر خاتون ایک دم لڑکھڑائی اور غش کھا کر گر پڑی اور بے ہوش ہوگئی۔
اردگرد کھڑے سائلین نے خاتون کو ہوش میں لانے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہوسکے۔ تاہم عدالتی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کے بلانے پر ریسکیو 1122 نے خاتون کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا۔