ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اپنے چھوٹے بیٹے شہزادہ راکان کی تعلیمی میدان میں شاندار کامیابی پر آبدیدہ ہو گئے۔
شاہ سلمان نے ریاض میں سیکنڈری اسکول سے فارغ ہونے والے طلباء طالبات کے اعزازمیں منعقدہ تقریب میں شرکت کی جہاں شہزادہ راکان کی شاندار تعلیمی کارکردگی پر شاہ سلمان آبدیدہ ہو گئے ۔ تقریب میں شہزادہ راکان نے اپنے والد کو تلوار بھی پیش کی۔
اس موقع پر شاہ سلمان نے دوسرے والدین کی طرح بچوں کے لیے اپنا خصوصی پیغام دیا۔ شاہ سلمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں صرف راکان کے والد کی طرف سے نہیں بلکہ تمام بچوں کے والدین کی حیثیت سے حاضر ہوا ہوں۔
قبل ازیں شاہ سلمان نے اسکینڈری تعلیمی مراحل کی تکمیل کرنے والے طلباء سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اس وقت سے ان کی اولین ترجیح رہی ہے جب وہ ریاض کے گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ تقریب میں شاہ سلمان بچوں، ان کے والدین، حکومتی عہدیداروں اور وزراء میں گھل مل گئے، جہاں طلباء نے شاہ سلمان کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی بنوائیں۔