لاہور (جیوڈیسک) سوناکشی سنہا نے سال رواں میں ریلیز ہونے والی فلموں سے امیدیں وابستہ کرلیں، اکشے کمار، ارجن کپور اور اجے دیوگن کے مقابل ہیروئن کے کردار نبھا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دبنگ خان (سلمان خان ) کے ذریعے بالی وڈ انڈسٹری میں دھماکے دار انٹری دینے والی سوناکشی سنہا کو فلمی کیریئر کو طول دینے کے لیے ایک سپرہٹ فلم کی ضرورت ہے، کیونکہ سال 2013ء میں رنویر سنگھ، اکشے کمار، عمران خان، سیف علی خان اور شاہد کپور جیسے اسٹارز کے ساتھ ’’لیٹرا‘‘ ، ’’ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘‘ ، ’’باس‘‘ ، ’’بلٹ راجہ‘‘ ، ’’آر راجکمار‘‘ ریلیز ہوئیں مگر ان میں سے ’’آر راجکمار‘‘ اور ’’ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘‘ ہی کسی حد تک باکس آفس پر بجٹ پورا کرسکیں ۔اسی لیے انھوں نے ایک بار پھر اکشے کمار اور اجے دیوگن جیسے سینئر اسٹارز کا سہارا لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کے مقابل فلمیں سائن کی ہیں۔
اکشے کمار کے ساتھ ’’ہالیڈے‘‘ اور ’’اجے دیوگن‘‘ کے ساتھ ایکشن جیکسن اور عشق زادے فیم ارجن کپور کے ساتھ ’’ تیور‘‘ کر رہی ہیں۔ ’’ایکشن جیکسن‘‘ کو ان کے فیورٹ ڈائریکٹر پربھودیوا کر رہے ہیں، اسی لیے وہ ’’ایکشن جیکسن‘‘ کے بارے میں زیادہ پرامید دکھائی دے رہی ہیں۔ دوسرا اس فلم میں وہ پہلی بار اجے دیوگن کے ساتھ جلوہ گر ہو رہی ہیں جن کی پر بھودیوا کے ساتھ بھی پہلا پراجیکٹ ہے۔