ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ سے ایسی خبریں اکثر آتی ہیں کہ کسی اداکار یا اداکارہ نے اسکرپٹ کے مطابق معاوضہ نہ ملنے پر فلم سائن کرنے سے انکار کردیا تاہم ایسا شاہد ہی سنا ہو کہ اداکار یا اداکارہ نے خود سے معاوضہ کم کر کے فلم میں خوشی خوشی کام کیا۔
بالی ووڈ فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کے ڈائریکٹر راکیش اوم پرکاش مہرا اپنی خود نوشت ’دا اسٹرینجر ان دا مرر‘ میں لکھتے ہیں کہ فلم ’دہلی 6‘ میں اداکارہ سونم کپور کی اداکاری اور دوستی کی وجہ سے انہیں فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کے بارے میں بتایا۔
ہدایتکار راکیش اوم پرکاش مہرا لکھتے ہیں کہ بھارتی ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کی زندگی پر بننے والی اس فلم میں سونم کپور اسکرین پر کم ہی نظر آئیں اور انہوں نے صرف 11 روپے معاوضہ لینا پسند کیا۔ راکیش اوم پرکاش کہتے ہیں کہ جب جب اداکارہ فلم میں نظر آئیں انہوں نے اسکرین کو روشن کیا، فلم سے سونم کپور کی بہت سے یادیں وابستہ ہیں۔
فلم ہدایتکار سے جب سونم کپور کے 11 روپے معاوضہ لینے کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے بتایا کہ اداکارہ نے خود سے 11 روپے معاوضے کا مطالبہ کیا تھا، انہوں نے فلم میں خصوصی طور پر کام کیا ہے، فلم ’دہلی 6‘ سے ہم دونوں کے درمیان اچھی دوستی ہوگئی تھی۔
راکیش اوم پرکاش کہتے ہیں کہ اداکارہ سونم کپور نے ملکھا سنگھ پر فلم بنانے پر ہمارا بہت شکریہ ادا کیا اور وہ اس فلم میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتی تھیں۔