ممبئی (جیوڈیسک) فلم بینوں کے دلوں پر راج کرنے والی شوخ وچنچل اداکارہ سونم کپور نے زندگی کی 28 بہاریں دیکھ لیں۔ بالی ووڈ مساکلی کا فنی سفر کامیابی سے جاری ہے۔ بالی ووڈ کی خوبصورت فلم سانوریا سے فلمی کیرئیر کا آغاز کرنے والی شوخ وچنچل اداکارہ سونم کپور 9 جون 1985 کو اداکار انیل کپور کے ہاں پیدا ہوئیں۔
اداکار باپ کی اداکار بیٹی نے اپنی پہلی فلم میں ہی شاندار اداکاری سے سب کو چونکا دیا۔ اس فلم میں چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے ان کے مدمقابل اداکاری کے جوہر دکھائے۔ فلم بینوں نے اس نئی جوڑی کو پذیرائی بخشی۔ سونم کپور کو زیادہ شہرت بالی ووڈ فلم “دلی 6” سے ملی۔ فلم کے گانے مساکلی نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
سن دو ہزار دس میں ریلیز ہونے والی فلم آئی ہیٹ لو سٹوریز” میں ان کی پرفارمنس کو شائقین نے بیحد پسند کیا۔ سن دو ہزار گیارہ میں ان کی فلم موسم ریلیز ہوئی جس میں شاہد کپور ان کے ہیرو تھے۔
اس ماہ کی اکیس تاریخ کو ان کی فلم رانجھنا ریلیز ہو رہی ہے جس کے ٹریلرز اور گانے پہلے ہی شائقین کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔ بالی ووڈ ہدایت کار اور اداکارہ فرحان اختر کی آنے والی فلم ” بھاگ ملکھا بھاگ ” میں بھی سونم کپور جلوہ گر ہوں گی۔