لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں درندوں کی حیوانیت کا شکار ہونیوالی ننھی شہزادی تاحال سروسز ہسپتال میں زیر علاج ہے، متاثرہ بچی کے والد کا کہنا ہے کہ بچی کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔
لاہور کے علاقے مغل پورہ میں شیطان صفت انسانوں کی درندگی کا نشانہ بنیوالی ننھی پری کی حالت اب خطرے سے باہر ہے تا ہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچی تاحال سرجیکل کے آئی سی یو میں ہی ہے اور جسمانی صحت بہتری کی جانب گامزن ہے جب کہ ذہنی طور پر بچی ابھی سنبھل نہیں پائی۔ متاثرہ بچی کو ہلکی غذا دینا شروع کر دی گئی ہے جب کہ پانی و جوس کا استعمال بھی کروایا جا رہا ہے۔
متاثرہ بچی کے والد نے بتایا ہے کہ ڈاکٹروں نے مزید سرجری کرنی ہے جس کے لیے وقت کا تعین ابھی نہیں کیا گیا۔ بچی کے والد نے کہا کہ وہ پولیس کی کاروائی سے مطمئن ہیں لیکن ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ اصل مجرموں کو کیفر کردار تک پہنایا جائے، چاہے اس کے لیے وقت زیادہ ہی کیوں نہ لگے۔