نئی دہلی (جیوڈیسک) گاندھی خاندان کے سپوت راہول گاندھی اپریل میں ہندوستان کی سب سے پرانی سیاسی جماعت کانگریس کے صدر بن جائیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انتخابات میں ناکامیوں کے بعد کانگریس اندرونی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لینے جا رہی ہے، پارٹی ذرائع کے مطابق کانگریس کے44 سالہ نائب صدر نئی ذمے داری سنبھالنے سے قبل ان دنوں خود آگاہی کے لئے 2 ہفتوں کی چھٹیوں پر ہیں۔
بدھ کو کانگریس کی موجودہ صدر سونیا گاندھی کو یہ عہدہ سنبھالے 15 سال مکمل ہو چکے ہیں اور اطلاعات ہیں کہ وہ اپریل میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیشن میں اپنے بیٹے کے لئے کرسی خالی کر دیں گی۔
اطلاعات کے مطابق کانگریس کے نائب صدر نے پارٹی رہنمائوں سے مشاورتی عمل مکمل کر لیا ہے۔