ممبئی(جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ہماری فلم انڈسٹری کا معیار بہتر ہوتا جا رہا ہے وہ وقت دور نہیں جلد بالی ووڈ کی فلمیں ہالی ووڈ کا مقابلہ کیا کریں گی۔
اپنے ایک انٹر ویو میں بالی ووڈ کے کنگ خان کا کہنا تھا کہ دنیا کے امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آنا بہت خوشی کی بات ہے لیکن ہالی ووڈ سپر اسٹار ٹام کروز اور جونی ڈپ کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں، وہ بہت بڑے اداکار ہیں۔ شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ہماری فلم انڈسٹری کا معیار بہتر ہوتا جا رہا ہے، آج بالی ووڈ کی آمدنی کا ہالی ووڈ سے موازنہ کیا جا رہا ہے اور کل ہماری فلموں کا موازنہ بھی ہالی ووڈ فلموں سے کیا جائے گا۔
کنگ خان نے کہا کہ میں نے اپنے کیرئیر میں فلموں، اشتہارات، پروڈکشن ہاؤس اور آئی پی ایل کے ذریعے بہت پیسہ کمایا اور کسی بھی شخص کی کامیابی کے پیچھے بہت سے لوگوں کا ہاتھ ہوتا ہے لیکن میں آج صرف اپنے بچوں کی بدولت امیر ہوں جو مجھ سے بہت پیار کرتے ہیں اور جنہیں دیکھ کر مجھے خوشی اور اطمینان کا اظہار ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ چند رور قبل ہی ویلتھ ایکس نامی ادارے کی جانب سے ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے امیر ترین اداکاروں کی مشترکہ فہرست جاری کی تھی جس کے مطابق کامیڈین اداکار جیری سینفیلڈ 82 کروڑ ڈالر کما کر دنیا کے پہلے امیر ترین اداکار جب کہ بالی ووڈ کے کنگ خان 60 کروڑ ڈالر کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔